اعوذ بالله من الشيطان الرجيم
بسم الله الرحمن الرحيم
الحمدلله ربّ العالمين و الصلوٰة والسلام علی محمّدٍ وَّ آلِ محمّدٍ وَّ عجّل فرجهم
سوال جواب کی اہمیت
القلوب أقفال و مفاتحها السؤال
دل بند تالے ہیں اور انکی چابی سؤال ہے۔(غرر الحکم، ص 60)
انما يهلک الناس لانهم لا يسألون
لوگ اس لئے ہلاک ہو جاتے ہیں کیونکہ وہ سؤال نہیں کرتے۔(کافی، ج1، ص40)
اس کتاب کے لکھنے کی وجوہات
عام طور پر دیکھا گیا تھا کہ ماہِ رمضان کی مختلف دینیات کلاسز میں اکثر و بیشتر بونس (Bonus) کے سوالات و جوابات تکراری ہوا کرتے تھےجس کی وجہ سے بونس (Bonus) کے سوالات و جوابات کا اصل مقصد جو نوجوانوں میں کتاب خوانی کا شوق بیدار کرنا تھا رفتہ رفتہ محو ہوتا جا رہا تھا۔
سوشل میڈیا کے عروج کی وجہ سے نوجوانوں کا بیشتر وقت فیس بک اور واٹس اپ پر لگا رہتا ہے جس کی وجہ سے انکی دینی معلومات ایک تو انتہائی محدود جو ان کو واٹس اپ وغیرہ پر مل جائے اور دوسرےانکے پاس اپنی معلومات کا کوئی حوالہ بھی نہیں ہوتا جس کی وجہ سے جب وہ بونس (Bonus) کے سوالات کے جوابات لاتے اور ان سے پوچھا جاتا کہ اس جواب کا منبع اور حوالہ کیا ہے تو اکثر یہی جواب ہوتا ہے :واٹس اپ ۔
تاریخ انبیاء اور تاریخ اسلام کے بہت سے اہم حصے نوجوانوں کی عمومی معلومات میں یا تو نہیں ہیں یا اگر ہیں تو بہت ہی کم معلومات ہیں اور بیشتر حصّہ بُھلایا جا رہا ہے۔
بہت سے والدین یہ شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ ہمارے بچے ہم سے ایسے سوالات پوچھتے ہیں جن کے جوابات ہمارے پاس نہیں ہوتے کاش کہ کوئی ایسی کتاب ہو جس میں سے دیکھ کر ہم اپنے بچوں کو جوابات دے سکیں۔
دینیات کلاسز کے بعض اساتذہ کے لئے روزانہ کا بونس(Bonus)کا سوال ڈھونڈ کربنانا مشکل اور وقت طلب ہوا کرتا ہے۔
مندرجہ بالا اسباب کو دیکھتے ہوئے یہ ضرورت محسوس کی گئی کہ بونس (Bonus) کے سوالات اور جوابات پر ایک ایسی کتاب ہو جو دینیات کلاسز کے طلاب اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ، والدین اور عام نوجوان کے لئے بھی مفید ثابت ہو۔
اس کتاب کی خصوصیات
اکثر جوابات پر حوالہ اور منبع دیا گیا ہے۔
جواب کو تا حدّ توان مختصر کیا گیا ہے۔
یہ کتاب صرف بونس(Bonus) کے سوالات و جوابات کے لئے ہی نہیں، ان شاء اللہ کوئز، امتحانات، اور انعامی مقابلوں کیلئے بھی مفید ہے۔
بعض سوال جواب تفصیلی بھی ہیں جوواقعات کے باہمی ربط اور عمومی معلومات کے اضافے کیلئے بنائے گئے ہیں۔
دینیات کلاسز کے اساتذہ اور طلاب کے ساتھ ان شاء اللہ عام آدمی کیلئے بھی مفید ہے۔
یہ کتاب صرف ماہ رمضان کے لئے ہی نہیں اپنی جامعیت کی وجہ سے ان شاء اللہ پورے سال خصوصاً آئمہ معصومین علیہم السلام کی ولادت اور شہادت پر بھی فائدہ مند ہے۔
بعض سوالات و جوابات میں اگر سمجھنے کیلئےتفصیل کی ضرورت تھی تو اسے حاشیے میں ڈالا گیا ہے۔
تاریخ آغاز و اختتامِ کتاب
آغازِ تحریر: 9 ربیع الاوّل( عید الزہرا سلام اللہ علیہا و روزِ آغاز امامت امام زمانہ عجل اللہ فرجہ)، 1440 ھ۔ق
اختتامِ تحریر: 13 رجب المرجّب، (روز ِ ولادتِ امیرالمؤمنین علی ابن ابی طالب علیھما السلام)، 1440 ھ۔ ق
آخر میں تمام مؤ منین سے درخواست ہے کہ اگرچہ بھرپور کوشش کی گئی ہے کہ سوال، جواب ، حاشیہ ، یا ٹائپنگ میں خطا نہ ہو مگر سوائے معصومین علیہم السلام کے ہر انسان سےخطا کا امکان ہے، اس لئے برائے مہربانی درگزر کرتے ہوئے اصلاح کیلئے بلا جھجک حقیر کو اطلاع دے سکتے ہیں۔
بارگاہ احدیت میں دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی ہم سب کو، ہمارے والدین ،اساتذہ اور محسِنین کو آخرت میں بھرپور کامیابی عنایت فرمائے۔آمین
التماسِ دعا،
مجاھد حسین دامانی
00989366496281